36

شکریہ ڈار صاحب، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مریم نواز کی ٹوئٹ ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 270 روپے فی لیٹر ہوگی

اسلام آباد : شکریہ ڈار صاحب، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مریم نواز کا ردعمل آ گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں رہنما ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ ’عوام کیلئے بہتری، الحمدللہ۔ شکریہ ڈار صاحب۔‘ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 270 روپے فی لیٹر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے کمی کے بعد 258 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کےبعد نئی قیمت 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوگی۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 12 روپے کمی کے بعد 152 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق مہنگے ترین ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں پاکستان نے مہنگائی کی دوڑ میں سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ غذائی افراط زر کی فہرست میں پاکستان دنیا بھر میں 13 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کا فہرست میں 18 واں نمبر ہے۔ ٹریڈنگ اکنامکس نامی ویب سائٹ کے مطابق لبنان 352 فیصد مہنگائی کے ساتھ دنیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا، 0.4 فیصد کے ساتھ چین غذائی افراط زر کے حوالے سے دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں وینزویلا 158 فیصد کے ساتھ دوسرے، زمبابوے 108 فیصد کے ساتھ تیسرے جبکہ ایران کا 71.5 فیصد کے ساتھ فہرست میں چوتھا نمبر ہے، اسی طرح اسلامی ملک ترکی 53.92 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ مہنگائی میں اضافے کے بعد پاکستان 48 فیصد کے ساتھ 13 ویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت 3.84 فیصد کے ساتھ 152 ویں جبکہ بنگلہ دیش کو 9.09 فیصد کے ساتھ 111 واں نمبر دیا گیا ہے۔یہاں واضح رہے کہ اپریل کے ماہ میں ملک میں مہنگائی کے دہائیوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ میں مہنگائی کی شرح 36 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔ اپریل میں مہنگائی کی شرح36.4 فیصد رہی جو1964 کے بعد مہنگائی کی بلند ترین ماہانہ شرح ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں مہنگائی میں 2.41 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اپریل مہنگائی کی اوسط شرح 28.23 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں