33

اسد عمر کے بعد شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سے گرفتار کیا۔پولیس حکام

پاکستان :تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق پولیس نے شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سے گرفتار کیا۔آج صبح اسد عمر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے پولیس کی جانب سے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں،جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی پولیس کو ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔جنرل سیکرٹری تحریک انصاف اسد عمر کو بھی 16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے،اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔اسد عمر کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے گرفتار کیا،اسد عمر کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔علاوہ ازیں پولیس نے اداروں پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔عمران خان کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے توڑ پھوڑ جلاؤ گھیراؤ پر پولیس ایکشن میں آ گئی۔ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث اور املاک کو نقصان پہنچانے والے 945 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر نے 130 سے زائد پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی کیا۔ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ مقدمات میں 144 کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔ جب کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں کے بعد اہم عمارتوں کی جانب جانے والے راستوں راستوں سیل کر دیا گیا ۔ راستوں پر کنٹینرز لگانے کا سلسلہ شروع، پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں