52

سپریم کورٹ کو بند کر دینے سے حکومت نہیں چل سکتی،فواد چوہدری حکومت نے جو محاذ آرائی اپنائی وہ ملک کیلئے خطرناک ہے، آج پاکستان کی 75 فیصد آبادی نمائندگان کے بغیر چل رہی ہے،رہنما تحریک انصاف

اسلام آباد : فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو بند کردینے سے حکومت نہیں چل سکتی،حکومت نے جو محاذ آرائی اپنائی وہ ملک کیلئے خطرناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی اصلاحات ایکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے درخواست دائر کی ججز کیس سنیں،پارلیمنٹ اور میڈیا پر حکومت کی لائن مختلف ہے،حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ عدالتی اصلاحات ایکٹ پر متعلق پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ نہیں دیا جائے گا،جبکہ اٹارنی جنرل عدالت میں کہہ رہے ہیں ریکارڈ مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے سپریم کورٹ بند کر دیں گے،سپریم کورٹ کو بند کرنے سے حکومت نہیں چل سکتی،یہ ملک اور نظام اس طرح سے نہیں چل سکتا۔حکومت نے جو محاذ آرائی اپنائی وہ ملک کیلئے خطرناک ہے،یہ اپنے کرسیوں سے چمٹے رہنے کیلئے اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بغیر سوچے سمجھے بغیر منہ اٹھا کر بھارت چلے گئے،بلاول بھٹو نے وہاں جا کر پاکستان کی بے عزتی کرائی،چینی وزیر خارجہ نے پاکستان میں استحکام کا پیغام دیا۔فواد چوہدری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی 75 فیصد آبادی نمائندگان کے بغیر چل رہی ہے،ہمیں جب بھی موقعہ ملا ان کی پوری کابینہ پر آرٹیکل 6 لگوائیں گے،انہیں کوئی حق نہیں کہ ملکی آئین کی خلاف ورزی کریں۔ دوسری جانب اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب،کیا آپ سو رہے تھے جب آپ کا بھائی جلسوں میں نام لیکر بات کرتا تھا،،آپ کی بھتیجی مریم نواز کیا کیا کہتی رہیں میں دہرانا بھی نہیں چاہتا،آپ سے عمران خان کے بیانیے کا مقابلہ نہیں ہو رہا۔ شہباز شریف اور آصف زرداری کہتے ہیں اداروں پر تنقید برداشت نہیں کی جائے گی،آپ سیاسی طور پر ناکام ہو چکے ہیں،حکومت کو نظر آ رہا ہے کہ ہر جگہ قوم آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں