62

عدت نکاح کیس،عون چوہدری کا بطور گواہ بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت سیشن عدالت اسلام آباد نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،عون چوہدری آئندہ سماعت پر اپنا بیان قلمبند کرائیں گے

عمران خان : اور بشریٰ بی بی کیخلاف عدت میں نکاح کا کیس،عدالت نے عون چوہدری کا بطور گواہ بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عدت نکاح کیس میں عون چوہدری کا بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے عون چوہدری کا بطور گواہ بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست کو مںظور کر لیا۔عدالت کی جانب سے اجازت دئیے جانے کے بعد عون چوہدری آئندہ سماعت پر اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ درخواست گزار کے وکیل نے نکاح کے گواہ عون چوہدری کا بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست کی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نکاح خواں مفتی سعید نے اپنا بیان عدالت میں قلمبند کروایا تھا،انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم جنوری 2018 کو عمران خان نے مجھ سے کال پر رابطہ کیا تھا،عمران خان سے اچھے تعلقات تھے اور ان کی کور کمیٹی کا ممبر تھا، عمران خان نے مجھ سے کہا میرا نکاح بشریٰ بی بی سے پڑھوا دو، عمران خان نے کہا کہ نکاح پڑھانے کے لیے لاہور جانا ہے۔مفتی سعید کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک خاتون نے خود کو بشریٰ بی بی کی بہن ظاہر کیا، خاتون سے میں نے پوچھا کہ کیا بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہوسکتا ہے اس پر خاتون نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہیں۔ خاتون نے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھایا جاسکتا ہے۔ مفتی سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھا دیا تھا پھر عمران خان نے مجھ سے فروری 2018 کو دوبارہ رابطہ کیا اور درخواست کی کہ بشریٰ بی بی سے دوبارہ نکاح پڑھانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں