لاہور : سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کیویز کا اچھا ہدف دینے میں کامیاب، میٹ ہینری کی شاندار ہیٹ ٹرک، پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز کے اختتام سے قبل ہی 182 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز آج ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹاکرے کیلئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میدان سج گیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 182 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، یوں کیویز کو 183 رنز کا ہدف مل گیا۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صائم ایوب 47،47 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کر کے سب سے نمایاں باولر رہے۔ یاد رہے کہ 5 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی 3 میچز لاہور جبکہ بقیہ 2 میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا انعقاد بھی ہو گا۔
