کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی، محسوس درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

کراچی (ویب ڈیسک): شہر میں آج ہفتہ کے روز شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث آج کو گرم ترین دن ریکارڈ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کو بھی گرمی کی شدت انتہائی زیادہ رہی اور محسوس درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ رات کے وقت بھی ہوا نہ چلنے کے باعث حبس برقرار رہا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ مضافاتی علاقوں میں یہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا سکتا ہے۔ تاہم ہوا کی رفتار کم اور نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث دوپہر کے وقت محسوس درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم میں جزوی بہتری متوقع ہے، لیکن رات کے وقت دوبارہ ہوا کی رفتار کم ہونے سے حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور خصوصاً بچوں اور بزرگوں کا خیال رکھیں۔