لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ملتان اور دیگر شہروں میں کی گئیں، جہاں مجموعی طور پر 214 آپریشنز کیے گئے۔ اہم کامیابیاں لاہور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حاصل ہوئیں۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والا خطرناک دہشت گرد پیر شمس بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ بلوچستان لبریشن آرمی سے وابستہ عبداللطیف کو بھی دھماکہ خیز مواد سمیت پکڑا گیا۔
دیگر گرفتار افراد میں مصباح، سمیع اللہ، گلاب خان، زارین شاہ اور ضیاالرحمان شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں تخریب کاری کا سامان برآمد ہوا، جس میں آئی ای ڈی بم، 17 ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز وائر، بارودی مواد، ممنوعہ لٹریچر اور نقدی شامل ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار افراد مختلف شہروں میں حساس مقامات کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑی تباہی کو ٹال دیا گیا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں 5040 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔