راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاکستان نے آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
بیان کے مطابق فتح ٹو میزائل مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور یہ جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تربیتی مشق کا مقصد فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور میزائل کے ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، تاکہ درستگی اور بقا کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق اس موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔
فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا، جبکہ صدر پاکستان، وزیراعظم اور مسلح افواج کی قیادت نے اس کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی فنی مہارت اور لگن کی تعریف کی۔