اسلام آباد میں ایران، امریکا مذاکرات: اعلیٰ سطح وفود کی آمد متوقع

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات کے لیے ایرانی اعلیٰ سطح وفد منگل کی شام اسلام آباد پہنچے گا، جس کی سربراہی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے واشنگٹن سے پاکستان روانہ ہوں گے۔

امریکی میڈیا سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات بدھ کے روز اسلام آباد میں ہوں گے، جہاں پاکستان “اسلام آباد معاہدہ” ممکن بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے تاکہ مذاکرات کو کامیاب بنایا جا سکے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں امریکی اور ایرانی سفیروں نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

مزید برآں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا پر تاریخی عدم اعتماد اب بھی برقرار ہے اور بامعنی مذاکرات کے لیے وعدوں کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا اور امریکی حکام کے متضاد بیانات مذاکرات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے لیکن قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔