اسلام آباد میں امریکا، ایران مذاکرات کل ہوں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اور انتہائی اہم راؤنڈ کل بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس منگل کے روز واشنگٹن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اہم مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا ادارے سی این این کے مطابق جے ڈی وینس ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے۔ اگرچہ وائٹ ہاؤس نے مذاکرات کے حتمی وقت کا اعلان نہیں کیا، تاہم ایران کے ساتھ تعمیری بات چیت کے حوالے سے امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

پاکستان نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دی ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری مکالمے اور سفارتی روابط پر زور دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی سفیروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور تصدیق کی کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

امریکی اور ایرانی سفیروں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔

عالمی مبصرین کے مطابق حالیہ دنوں میں دونوں فریقین کی جارحانہ بیان بازی مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے، تاہم اسلام آباد کا انتخاب اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔