ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
گوگل کے مطابق 15 اپریل کی صبح ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت تقریباً 2120.32 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں صورتحال مختلف ہے، جہاں یہی رقم 6 ہزار سے 9 ہزار پاکستانی روپے تک میں خرید و فروخت ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریال کی قدر میں یہ اضافہ زیادہ تر قیاس آرائیوں پر مبنی ہے، جہاں سرمایہ کار فوری منافع کے لیے ایرانی کرنسی خرید رہے ہیں۔ بعض حلقوں میں 500 فیصد تک ممکنہ منافع کی افواہوں نے بھی طلب میں اضافہ کیا ہے۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی بات چیت سے متعلق مثبت توقعات بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ تاجروں کو امید ہے کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا گیا تو ایران پر عالمی پابندیوں میں نرمی آ سکتی ہے، جس سے کرنسی مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ جنگ سے قبل پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال تقریباً 2 ہزار سے 2500 پاکستانی روپے کے درمیان ٹریڈ ہو رہا تھا۔