اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی گئی ہے، جس کے بعد وہ آئندہ چند روز میں سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں وزیراعظم کا یہ دوسرا دورہ ہوگا، جس میں مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور خطے میں قیام امن کے امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے آئندہ لائحہ عمل، خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقل جنگ بندی کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس دورے میں پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور اس پر عملدرآمد سے متعلق جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر مذاکرات کی کامیابی میں شامل ممالک کی مثبت کوششوں کو سراہیں گے اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔