کراچی (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ علماء، سیاسی اور سماجی رہنما پولیو کے خاتمے کی مہم میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق اس مہم میں 83 ہزار تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز اور 24 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی پولیو مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان میں پہلی بار آصفہ بھٹو کو پولیو کے قطرے پلائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلے تقریباً 80 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت آ رہے تھے، جو اب کم ہو کر 24 فیصد رہ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے میں ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 94 لاکھ بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ نے کلاس رومز کا دورہ کرتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے، اس موقع پر صوبائی وزیر سردار شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے