قاليباف کا بیان: امریکا ایران کے اصول اور منطق کو سمجھ چکا ہے

قاليباف کا بیان: امریکا ایران کے اصول اور منطق کو سمجھ چکا ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قاليباف نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی منطق اور اصولوں کو سمجھ لیا ہے۔

مذاکرات کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بات چیت کے عمل کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

قاليباف کے مطابق انہوں نے مذاکرات سے قبل اس بات پر زور دیا تھا کہ ایران نیک نیتی اور سنجیدہ ارادے کے ساتھ بات چیت میں شریک ہوا، تاہم گزشتہ دو جنگوں کے تجربے کے بعد ایران کو مخالف فریق پر مکمل اعتماد نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد نے مستقبل کے حوالے سے مثبت اقدامات کیے، لیکن دوسری جانب فریق آخری مرحلے تک ایران کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

قاليباف نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا فیصلہ کرے کہ وہ ایران کا اعتماد حاصل کر سکتا ہے یا نہیں، جبکہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر مکمل طور پر قائم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران نہ صرف سفارتکاری بلکہ اگر ضروری ہو تو فوجی جدوجہد کے ذریعے بھی اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتا ہے۔