اسلام آباد ٹاکس: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہم ملاقات

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات میں امید ظاہر کی ہے کہ جاری بات چیت خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے “اسلام آباد ٹاکس” سمیت علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تعمیری انداز میں مذاکرات کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔