اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات آج ہوں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آج عالمی سفارت کاری کا اہم مرکز بن گیا ہے، جہاں امریکا اور ایران کے درمیان نہایت اہم براہ راست مذاکرات منعقد ہو رہے ہیں۔ ان مذاکرات کو خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وفد کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے پاس ہے۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور مذاکرات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یہ اہم سفارتی پیش رفت وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر ممکن ہوئی ہے، جسے پاکستان کی کامیاب اور متحرک سفارت کاری کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں چین، روس اور خلیجی ممالک کے نمائندے بطور مبصر شرکت کریں گے، جس سے اس عمل کی عالمی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ مذاکرات کا بنیادی مقصد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، ریڈ زون کو غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ وزارت داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے غیر ملکی وفود اور عالمی میڈیا کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق تمام شرکاء کو آمد پر ویزہ جاری کیا جائے گا، جبکہ ایئرپورٹس پر رہنمائی کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس اہم عالمی مذاکرات کا انعقاد پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور یہ عالمی سطح پر ملک کے مثبت اور فعال کردار کی عکاسی کرتا ہے۔