عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، جس کے باعث برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 96.29 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 0.30 فیصد اضافے کے بعد 98.16 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ہو رہا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے عالمی سطح پر سپلائی بحران پیدا ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں آج کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا ہے۔ نکئی انڈیکس میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ کوسپی انڈیکس میں 0.6 فیصد بہتری دیکھی گئی۔چین کی مارکیٹوں میں بھی تیزی رہی، جہاں شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس اور ہینگ سینگ انڈیکس دونوں میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا۔بھارتی مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، جہاں سینسیکس میں 0.8 فیصد اور نیفٹی ففٹی میں 0.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔