واشنگٹن (ویب ڈیسک) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے ایک بار پھر سخت بیان جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی وجہ سے صورتحال غیر متوقع طور پر خراب ہوئی تو ایران پر پہلے سے بھی زیادہ بڑے اور طاقتور حملے کیے جائیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے تک امریکی بحری جہاز، لڑاکا طیارے اور فوجی اہلکار ایران کے گرد موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حالات خراب ہوئے تو امریکہ دوبارہ کارروائی کرنے سے نہیں گھبرائے گا، اور اس بار حملے پہلے سے زیادہ شدید ہوں گے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ پہلے ہی طے پا چکا ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امریکی فوج ہر طرح سے مکمل طور پر تیار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان نے خطے میں کشیدگی کو دوبارہ بڑھا دیا ہے، اور مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات جاری امن کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔