امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں متوقع

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 10 اپریل کو اسلام آباد میں بات چیت متوقع ہے۔

ایرانی سپریم سیکیورٹی کونسل کے مطابق امریکا کو پاکستان کے ذریعے 10 نکات پر مشتمل تجویز ارسال کر دی گئی ہے، جس میں حتمی جنگ بندی، پابندیوں کے خاتمے اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی جیسے اہم امور شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکی میڈیا، خصوصاً سی این این، نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایرانی حکام کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاری کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف شامل ہو سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جے ڈی وینس کا دورہ ہنگری جاری ہے، تاہم اسلام آباد میں متوقع ملاقات کے باعث اس دورے کو مختصر کیا جا سکتا ہے۔ ان مذاکرات میں پاکستانی حکام بھی شریک ہوں گے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کردہ 10 نکاتی تجویز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات چیت کے لیے ایک قابل عمل بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک طویل المدتی امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

ایرانی حکام نے موجودہ جنگ بندی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔