اسلام آباد( ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 45 منٹ تک گفتگو ہوئی، جس میں حالیہ جنگ بندی، خطے کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی کے لیے ایرانی قیادت کی دانشمندی کو سراہا اور امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ صدر مسعود پزشکیان نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے آگاہ کیا کہ ایران کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لیے جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مذاکرات اسلام آباد میں متوقع ہیں، جن میں ایران کی جانب سے پارلیمنٹ اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور نمائندہ اسٹیو وٹکوف شرکت کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے ایران امریکا جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے سفارتی کردار پر اراکین کو بریفنگ دی اور اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔