وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی: عالمی حالات بہتر ہوتے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی مشرقِ وسطیٰ اور عالمی مارکیٹ کی صورتحال معمول پر آئے گی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی صدارت میں حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال اور خاص طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیرِ پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری سمیت اتحادی جماعتوں کے سینیئر قائدین نے شرکت کی۔

وزیرِ مملکت علی پرویز ملک نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔

اجلاس میں موجود تمام وزراء نے پارلیمانی لیڈرز کو یقین دلایا کہ جیسے ہی عالمی حالات سازگار ہوں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا کہ حکومت عوام کو دیگر شعبوں میں ریلیف دینے کے لیے بھی مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے۔

اجلاس کے بعد ارکانِ پارلیمنٹ نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ایندھن کی فراہمی کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔