نواز شریف، زرداری اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مِل بیٹھنے کی تجویز سامنے آ گئی!

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ بڑی سیاسی قیادت بشمول نواز شریف، آصف علی زرداری اور عمران خان سب مل کر بیٹھیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ موجودہ نظام اب بیٹھ چکا ہے اور ایک دوسرے کو مسائل کا ذمہ دار قرار دینا بند کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی حل نہیں نکلے گا اور اب بات چیت کی طرف آنا ضروری ہے۔

محمود اچکزئی نے تجویز دی کہ تمام سیاسی جماعتیں چار سے پانچ متفقہ نکات تیار کریں، اور سب اس ایوان میں متفق ہونے کے بعد قومی حکومت بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پاگل آدمی پوری دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے، اور ملک کے دو صوبوں کی صورتحال بہت خراب ہے۔ مشترکہ سوچ اور متفقہ نکات کے ذریعے ہی ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔