اسلام آباد (ویب ڈیسک) – محکمہ ایکسائز نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے پیٹرول سبسڈی کے حصول کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ریلیف پیکج سے فائدہ اٹھانے کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ سبسڈی صرف ان شہریوں کو ملے گی جن کی موٹر سائیکل ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہوگی۔
اسلام آباد ایکسائز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل کو آسان بنانے کے لیے دفاتر 24 گھنٹے کھلے رکھے جائیں گے اور اضافی کاؤنٹرز بھی فعال کیے جائیں گے۔
ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی موٹر سائیکل اپنے نام پر منتقل کروائیں تاکہ پیٹرول سبسڈی حاصل کرنے میں کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ اقدامات زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک حکومتی ریلیف پہنچانے اور رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے کیے گئے ہیں۔