غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے ایک اسکول کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل فلسطینیوں اور اسرائیل کی حمایت یافتہ ایک مسلح گروہ کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مقامی افراد کے مطابق اس گروہ نے اسکول پر حملہ کر کے کچھ لوگوں کو اغوا کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرقی علاقے میں اسرائیل نے فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور کئی افراد زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی حمایت یافتہ ملیشیا نے پہلے علاقے میں فائرنگ کی، جس پر مقامی افراد نے اپنے گھروں کے دفاع کی کوشش کی، تاہم بعد ازاں اسرائیلی افواج نے انہیں براہ راست نشانہ بنایا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم 700 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اسی عرصے میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔