شرمیلا فاروقی نے مہنگے پٹرول پر حکومت پر تنقید

اسلام آباد (ویب ڈیسک) – رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت خطے کے سب سے مہنگے پٹرول کی فروخت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور رکن اسمبلی وہ خود بھی غیر ضروری گاڑی چلانے سے گریز کر رہی ہیں۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسائل کو مزید گھمبیر بنا رہا ہے اور ہر چیز کی قیمت بڑھ چکی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان رکتا نظر نہیں آ رہا، اور چھوٹی گاڑی رکھنے والے عام شہری بھی اب پٹرول ڈلوانے سے قاصر ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے حکومت کے اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایک ماہ کا وقتی ریلیف دینے یا مارکیٹیں اور دکانیں جلد بند کرنے کے فیصلے دیرپا حل نہیں ہیں۔

انہوں نے 24 گھنٹے میں پٹرول 80 روپے سستا کرنے کے فیصلے پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہا، “حکومت بتائے پٹرول مہنگا کرنا درست تھا یا 80 روپے سستا کرنا؟”

شرمیلا فاروقی نے زور دیا کہ عام آدمی اب حکومت سے براہِ راست ریلیف چاہتا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ آئل کمپنیوں سے بات کر کے ان کا کمیشن کم کرائے۔