اسلام آباد (ویب ڈیسک) : حکومت نے موٹر سائیکل سبسڈی کے لیے خصوصی موبائل ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے تحت ادائیگیاں آج سے شروع ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی اسکیم پر نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی ٹی اور پیٹرولیم کے اعلیٰ حکام سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اعلامیے کے مطابق موٹر سائیکل سوار اپنی شناختی کارڈ درج کر کے ایپ پر اہل ہونے کی جانچ کر سکتے ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں صرف 70 سی سی موٹر سائیکل اور رکشے اس اسکیم کے تحت سبسڈی کے اہل ہوں گے، جبکہ 70 سی سی سے زائد موٹر سائیکلیں اس اسکیم میں شامل نہیں ہوں گی۔ اہل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
نائب وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ سبسڈی کا نظام سادہ، شفاف اور عوام کے لیے آسان بنایا جائے اور اسکیم کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں