اسلام آباد: پٹرول مہنگا ہونے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) – تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فوری بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک گیر سطح پر مال برداری کے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک بیان میں قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر کام کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے پاس کرایوں میں اضافے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر قیمتوں میں اضافہ حکومت کی “مجبوری” ہے، ٹول ٹیکس سمیت دیگر تمام اضافی ٹیکسز فی الفور ختم کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے تمام چالان بند کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔
ٹرانسپورٹ رہنما نے کہا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات پر غور نہ کیا تو مہنگائی کا یہ بوجھ براہِ راست عوام تک منتقل ہوگا، کیونکہ مال برداری مہنگی ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ یقینی ہے۔