موبائل ایپ سے سستا پیٹرول حاصل کرنے کا طریقہ اور شرائط جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد غریب اور متوسط طبقے کے لیے “موٹر سائیکل پیٹرول سبسڈی ریلیف پیکیج 2026” کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت شہریوں کو ماہانہ 2 ہزار سے 5 ہزار روپے تک کا براہِ راست ریلیف مل سکے گا۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث ملک میں پیٹرول کی قیمت 458 روپے جبکہ ڈیزل 520 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے بعد حکومت نے یہ ریلیف پیکیج متعارف کرایا۔

فی لیٹر 100 روپے تک رعایت

اس اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک سبسڈی دی جائے گی، جبکہ ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر سستا پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

اہلیت کی شرائط

سبسڈی حاصل کرنے کے لیے درج ذیل شرائط لازمی قرار دی گئی ہیں:

درخواست گزار کی ماہانہ آمدنی 50 سے 60 ہزار روپے سے کم ہو۔
موٹر سائیکل درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ ہو اور نمبر پلیٹ تصدیق شدہ ہو۔
شناختی کارڈ (CNIC) اور موبائل سم ایک ہی نام پر رجسٹرڈ ہوں۔
اپلائی کرنے کا طریقہ

حکومت نے رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا ہے۔ شہری اپنا درست شناختی کارڈ نمبر اور گاڑی کی تفصیلات 9771 پر بھیج کر تصدیقی کوڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، حکومت جلد ہی “فیول سبسڈی ایپ 2026” لانچ کر رہی ہے، جس کے ذریعے کیو آر کوڈ (QR Code) سسٹم کے تحت ملک بھر کے 12 ہزار سے زائد مخصوص پیٹرول پمپس سے سستا پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔

عوام کے لیے ہدایت

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹس اور آفیشل کوڈز استعمال کریں اور کسی غیر مستند ایپ یا ویب سائٹ پر اپنی معلومات شیئر نہ کریں۔

کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے ٹول فری نمبر 0800-03000 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔