پشاور میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 72 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 32 مرد، 7 خواتین اور 33 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 60 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 51 کو جزوی جبکہ 9 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
حادثات بنوں، پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، باجوڑ، کرم، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں پیش آئے۔ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور متاثرین کو ضروری سامان فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔