خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 18 افراد جاں بحق، 72 زخمی، 60 گھروں کو نقصان: پی ڈی ایم اے رپورٹ

خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 18 افراد جاں بحق، 72 زخمی، 60 گھروں کو نقصان: پی ڈی ایم اے رپورٹ

پشاور (ویب ڈیسک) — پی ڈی ایم اے نے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک 18 افراد جاں بحق اور 72 زخمی ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 32 مرد، 7 خواتین اور 33 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 60 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 51 کو جزوی جبکہ 9 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

بنوں، پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، باجوڑ، کرم، شانگلہ سمیت دیگر اضلاع میں مختلف حادثات پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔