اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا ہیڈکوارٹر دورہ، اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر نے ادارے کی کارکردگی، جاری اور آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی مؤثر عوامی خدمات کو سراہا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی بے دخلی کے لیے نادرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی فوری شناخت اور انہیں قومی ڈیٹا بیس سے خارج کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم عوامی سہولت کے لیے مزید جدید خدمات متعارف کرائی جائیں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں نادرا کے اسٹیٹ آف دی آرٹ دفاتر کرائے کی عمارتوں کے بجائے اپنی ملکیتی زمین پر قائم کیے جائیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ماسٹر پلان طلب کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ بایومیٹرک تصدیق کے لیے چہرے کی شناخت کے نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ نادرا نے لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کیے ہیں۔

شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے 30 روز کی مدت مقرر کی گئی ہے، جبکہ پی ٹی اے کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری موبائل سمز بلاک کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور نادرا کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔