سکھر بورڈ کے تحت نہم و دہم کے امتحانات جاری، نقل روکنے کے سخت انتظامات

سکھر (ویب ڈیسک) — سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ جاری ہے۔ گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میرس اضلاع میں ایک لاکھ دس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات 234 امتحانی مراکز میں صبح و شام دو شفٹوں میں امتحانات دے رہے ہیں۔

چیئرمین سکھر تعلیمی بورڈ زاہد علی چنڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نقل کی روک تھام کے لیے گھوٹکی میں 51، سکھر میں 62 اور خیرپور میرس میں 117 امتحانی مراکز پر مجموعی طور پر 33 ویجلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ 5 خصوصی ویجلنس ٹیمیں ان کی نگرانی کر رہی ہیں۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون اور گائیڈ بکس لانے پر پابندی عائد ہے۔ اگر کوئی طالب علم موبائل ساتھ لاتا ہے تو اسے امتحان کے دوران ضبط کر کے پرچہ ختم ہونے پر واپس کر دیا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی چھاپہ مار ٹیمیں بھی مختلف مراکز کا دورہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سیپکو حکام سے اجلاس کیا گیا ہے، جبکہ کمشنر سکھر ڈویژن کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔ امتحانی مراکز پر پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے اور بعض مراکز میں میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔

چیئرمین بورڈ کے مطابق جوابی کاپیوں کی جانچ کے لیے مؤثر نظام ترتیب دیا گیا ہے تاکہ نتائج شفاف ہوں۔ اس سال نہم، دہم، یازدہم اور دوازدہم جماعت کے نتائج جدید کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کے تحت جاری کیے جائیں گے۔