کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن شاہ فیصل چوک میں گھر میں آگ لگنے سے 2 خواتین جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت 50 سالہ کلیم النساء اور 25 سالہ عتیقہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ماں بیٹی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ فائر بریگیڈ نے ایک گاڑی کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا۔
دوسری جانب شہر کے علاقے گلستانِ جوہر میں منور چورنگی کے قریب جھونپڑیوں میں سلنڈر دھماکے کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 200 سے زائد جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ واقعے میں جھگیوں میں موجود سامان، متعدد موٹرسائیکلیں اور مویشی جل گئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔