سرور شہید میں جائیداد کے تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جہاں نافرمان بیٹوں نے مبینہ طور پر اپنے والد کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔متاثرہ بزرگ محمد بخش نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے زبردستی جائیداد اپنے نام کروانا چاہتے ہیں، اور انکار پر ان سے دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ گزشتہ روز ملزمان گھر میں داخل ہوئے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے محمد بخش کی قیمتی اونٹنی ہلاک ہو گئی۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے، تاہم تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔