کوہاٹ میں مالی تنازع پر تین سگے بھائیوں کا قتل، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

خیبر پختونخوا ک(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تین سگے بھائیوں کو مالی تنازع کے باعث فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ قالو بانڈہ علاقے میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت احمد زمان (25)، فیصل زمان (30) اور اکبر زمان (20) کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتولین اور حملہ آوروں کے درمیان محض دو لاکھ روپے کے لین دین پر تنازع چل رہا تھا، جس نے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی۔

حملہ آوروں نے گھات لگا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تینوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے واردات پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔

مقتولین کے والد محمد زمان کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔