چین کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چین نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری پاکستان کے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

پاکستان اور چین نے اپنی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون اور ہم آہنگی جاری رکھی جائے گی۔

گفتگو میں فوری جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی اور عام شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سمندری راستوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کو عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

رابطے کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔