لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی دارالحکومت کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں طبی اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر محکمہ صحت پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن تھیٹر میں مبینہ طور پر لیڈی ڈاکٹرز کے درمیان یہ مقابلہ شروع ہوا کہ کون پہلے آپریشن مکمل کرتا ہے۔ اس عمل کے دوران نہ صرف مریض خواتین کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں بلکہ پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی، جو مریض کے وقار اور طبی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر طیبہ فاطمہ، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر اور ڈاکٹر عائشہ افضل کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ تمام معطل ڈاکٹرز کو اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے اسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر فرح انعام اور ایچ او ڈی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین سے بھی تین روز میں تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔ سیکرٹری صحت کے مطابق یہ واقعہ طبی اخلاقیات کی سنگین توہین ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامی ناکامی قرار دیا ہے۔ محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ اسپتال کے ایس او پیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔