امریکا کا ایران سے مذاکرات پر باضابطہ بیان، اسٹیو وٹکوف کی ملاقاتوں کی تصدیق

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر پہلا باضابطہ بیان سامنے آ گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ ایرانی حکام سے ملاقاتیں اسی ہفتے متوقع ہیں۔

میامی میں ایک کاروباری فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران اس ہفتے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کرے گا، اور امریکا کو اس پیش رفت کی امید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے 15 نکات پر مشتمل امن منصوبہ پیش کیا جا چکا ہے اور اب تہران کے جواب کا انتظار ہے۔

وٹکوف نے کہا کہ اگر ایران مثبت جواب دیتا ہے تو اس سے معاملات حل ہونے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کے اس مؤقف کی بھی تائید کی کہ تہران معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

امریکی ٹیم میں اسٹیو وٹکوف کے علاوہ جیرڈ کُشنر اور نائب صدر جے ڈی وینس کے نام بھی سامنے آئے ہیں، جب کہ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق ممکنہ مذاکرات پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔

وٹکوف نے صدر ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی تائید کی کہ ایران نے خیر سگالی کے طور پر آبنائے ہرمز سے 10 تیل بردار جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی، جسے انہوں نے مثبت علامت قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں ایران پر دباؤ برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ تہران آئندہ ہفتوں میں معاہدے پر آمادہ ہو کر کشیدگی ختم کرنا چاہتا ہے۔