بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لندن برینٹ خام تیل کی قیمت 1.70 فیصد اضافے کے بعد 103.95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 91.95 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی، جہاں برینٹ خام تیل 5.05 فیصد کمی کے بعد 99.21 ڈالر فی بیرل تک گر گیا تھا۔اسی طرح امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی 4.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد یہ 88.55 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا تھا۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔