چین کا بحری جہاز ‘داچنگ’ پاکستان پہنچ گیا، پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقیں شروع

راولپنڈی (ویب ڈیسک): چین کا بحری جہاز ‘داچنگ’ پاک بحریہ کے ساتھ دوطرفہ بحری مشقوں کے چوتھے مرحلے “سی گارڈین” میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ مشقوں کا آغاز باقاعدہ طور پر ہو چکا ہے اور یہ 25 مارچ سے 2 اپریل تک جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: ‘ہاربر’ اور ‘سمندری’ مراحل۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

مشقوں میں ہاربر اور سمندری سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن میں گنری فائرنگ، مشترکہ گشت، میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز اور نوجوان افسران کے سیمینار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ مشقیں پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول قائم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔