کراچی (ویب ڈیسک) – متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے پاس ایک آئینی عہدہ ہے جو بعض حلقوں کو برداشت نہیں ہو رہا، جبکہ وہ خود متعدد عہدے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔
کراچی میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے وفاقی حکومت کو پیغام دیا کہ یہ آخری وارننگ ہے، اپنا رویہ تبدیل کریں اور دل بڑا کریں، بصورت دیگر سب کی بقا اور سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا دارومدار کراچی کی مضبوطی اور ترقی سے وابستہ ہے۔ ملک کی بقا کے لیے بااختیار بلدیاتی نظام ناگزیر ہو چکا ہے، لہٰذا فوری طور پر مؤثر اور خودمختار بلدیاتی نظام قائم کیا جائے۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی میں مصنوعی اکثریت کے ذریعے اختیارات اور وسائل کی منتقلی روکی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 28ویں آئینی ترمیم فوری طور پر لائی جائے اور تمام سیاسی جماعتیں اس کی حمایت کریں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایم کیو ایم کی مجوزہ آئینی ترمیم کی ضرورت ماضی سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔