مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے دوران جانی نقصان کی تفصیلات جاری

دوحہ (ویب ڈیسک): ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والے جانی نقصان کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے Al Jazeera کی رپورٹ کے مطابق جنگ شروع ہونے سے 23 مارچ تک خطے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 638 افراد ہلاک جبکہ 26 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئیں، جہاں 1500 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لبنان میں ہونے والے حملوں میں 1001 افراد جاں بحق ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق عراق میں 61، قطر میں 16، متحدہ عرب امارات میں 8، کویت میں 6، فلسطین اور شام میں 4، 4، عمان میں 3 جبکہ سعودی عرب اور بحرین میں 2، 2 افراد ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیل میں 18 افراد مارے گئے، جبکہ جنگ کے دوران اب تک 13 امریکی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

زخمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں 26 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سب سے زیادہ تعداد ایران میں ہے جہاں 18 ہزار 551 افراد زخمی ہوئے۔

اس کے بعد اسرائیل میں ایران اور حزب اللہ کے حملوں میں 4 ہزار 697 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔