اسلام آباد (ویب ڈیسک)ایران پر مسلط جنگ روکنے کے لیے پاکستان نے فریقین کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
برطانوی جریدے Financial Times کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بات کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ بھی امریکی نمائندے وٹکوف اور عراقی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے رابطے میں رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے مذاکرات سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم کہا گیا کہ سفارتی سطح پر یہ گفتگو نہایت حساس معاملہ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اسحاق ڈار نے ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے خطے کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ممکن ہے اور دونوں وزرائے خارجہ نے بدلتی صورتحال پر قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
اس سے پہلے اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب خاقان فدان سے فون پر گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا اور امریکی صدر کے جنگ بندی میں عارضی وقفے کے اعلان پر بھی بات کی۔