اسلام آباد (ویب ڈیسک): یومِ پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت اور مسلح افواج نے ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یومِ پاکستان کی 86ویں سالگرہ پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک سنگِ میل دن ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔
عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ایمان، امید اور استقامت کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسلامی اصولوں کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر ان خطرات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یومِ پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ملک کی سرحدوں کے دفاع، خودمختاری کے تحفظ اور اندرونی امن کے قیام کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔