اسلام آباد (ویب ڈیسک): یومِ پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغامات میں اتحاد، یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1940 میں آج ہی کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ قیامِ پاکستان کے بعد قوم نے بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن محنت، صلاحیت اور باہمی تعاون سے مشکلات پر قابو پایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم نے قیامِ پاکستان کے بعد غیرمعمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو جوہری طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کا سفر جاری رہے گا۔