سری لنکا نے امریکی جنگی طیاروں کو اڈہ دینے سے انکار کر دیا

کولمبو (ویب ڈیسک): سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے مارچ کے اوائل میں امریکا کو جنوبی سول ایئرپورٹ پر دو جنگی طیارے تعینات کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی طیاروں پر اینٹی شپ میزائل نصب تھے اور انہیں جبوتی کے اڈے سے سری لنکا لانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

صدر ڈسانائیکے نے واضح کیا کہ یہ درخواست اس لیے مسترد کی گئی تاکہ سری لنکا کی غیر جانبداری برقرار رہے اور جزیرے کی سرزمین کسی بھی فریق کے لیے فوجی مقاصد میں استعمال نہ ہو، چاہے وہ مدد ہو یا رکاوٹ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی دن ایران نے بھارت میں بحری مشقوں کے بعد اپنے تین جنگی جہازوں کو پورٹ کال (لنگر انداز) کرنے کی اجازت دینے کی درخواست بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا کے کئی اتحادی ممالک نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں حصہ لینے سے انکار کیا تھا، جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔