قطر کا ایران کے حملوں پر سخت جواب: ایرانی سفارتکاروں کو 24 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم

دوحہ (ویب ڈیسک): قطر نے اپنی خودمختاری کی مبینہ خلاف ورزی اور حالیہ حملوں کے ردعمل میں ایران کے خلاف سخت سفارتی اقدام اٹھاتے ہوئے ایرانی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی اور سیکیورٹی عملے کو ’ناپسندیدہ شخصیت‘ قرار دے کر 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ملٹری اتاشی اور ان کے سیکیورٹی عملے کو چوبیس گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے، جس کے اندر انہیں لازمی طور پر قطر سے روانہ ہونا ہوگا۔

یہ فیصلہ قطر کے اہم صنعتی مرکز راس لفان پر حالیہ میزائل حملوں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سامنے آیا۔

قطر کا مؤقف ہے کہ ایران کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے۔ حکام کے مطابق قطر اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید سفارتی اور دیگر اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔