ایرانی وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل خطیب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید

تہران (ویب ڈیسک): ایران کے وزیر برائے انٹیلی جنس اسماعیل خطیب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔ ایرانی حکام کے مطابق انہیں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈ سینٹر پر حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں ہونے والے حملے میں اسماعیل خطیب کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی نے قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق منگل کی شب تہران میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وزیرِ انٹیلی جنس شہید ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا ہدف ایران میں موجود فوجی تنصیبات تھیں۔

ایرانی حکام کے مطابق تہران کے علاوہ صوبہ لورستان میں بھی حملے کیے گئے، جہاں 7 افراد شہید اور 56 زخمی ہوئے، جبکہ دیگر شہروں میں بھی درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل امریکی اور اسرائیلی مشترکہ کارروائی میں ایران کی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی اپنے بیٹے سمیت شہید ہوگئے تھے، جس کی سرکاری سطح پر تصدیق کی گئی تھی۔