کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کے تانے بانے پڑوسی ملک سے ملتے ہیں، جہاں اس نے تخریب کاری اور آئی ای ڈی لگانے کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس تنصیبات پر آنے جانے والی گاڑیوں کی ریکی کر رہا تھا اور اس نے شہر میں ایک پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے بھی ریکی کر رکھی تھی۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد جعفر ایکسپریس حملے میں ہلاک ہونے والے بی ایل اے کے کارندے ظفر عرف ماما کا ساتھی اور بھانجا ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاریوں کی توقع کی جا رہی ہے۔