ٹرمپ کا ایران سے سرینڈر کا مطالبہ، سخت وارننگ جاری

واشنگٹن (ویب ڈیسک) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے لیے یہی عقلمندی ہوگی کہ وہ سرینڈر کر دے کیونکہ اس کے پاس اب اپنے دفاع کے لیے کچھ باقی نہیں رہا۔

تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ فوجی کارروائی کے بعد سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج نے مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کی طاقتور ترین بمباری کی ہے اور ایران کی دفاعی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے پاس دنیا کے طاقتور ترین ہتھیار موجود ہیں اور جب بھی کارروائی کی جاتی ہے تو ایران بے بس دکھائی دیتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ فی الحال ایران کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز کی بندش میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی جا سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ باقی ہے اسے بچا لے کیونکہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا اور نہ ہی وہ امریکہ یا مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو دھمکانے کی پوزیشن میں رہا ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے امریکی فوج کو دنیا کی سب سے مہلک اور مؤثر قوت بنا دیا ہے جس کا مقابلہ کرنا کسی کے بس میں نہیں۔